سوات(سوات نیوزڈاٹ کام )چیئرمین ڈیڈیک فضل حکیم خان نے محکمہ تعلیم سوات بالخصوص ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ دوران ڈیوٹی فوت ہونے والے ملازمین کے قانونی ورثاء کو ان کی دہلیز پر بھر تی کے حکمنامے پہنچائے جائیں تاکہ ان کی مشکلات فوری حل ہوں اور خیبر پختونخوا بالخصوص سوات جیسے دور افتادہ علاقوں میں ادارے فلاحی کہلائے جا سکیں انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ سرکاری اسکولوں کے کلاس رومز میں اساتذہ کے سامنے طلباء کی پہلی لائن خصوصی بچوں کے لئے مقرر کی جائے کیونکہ خصوصی بچے تعلیم کے اتنے ہی مستحق ہیں جتنے عام بچے ہوتے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیڈیک آفس سیدوشریف میں نئے تعینات ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر محمد امین اور ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر شیر محمد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا فضل حکیم خان نے کہا کہ صوبائی حکومت نے اپنے ٹھوس اقدامات کی بدولت سرکاری اسکولوں پر لوگوں کا اعتماد بحال کیا ہے اس اعتماد کو برقرار رکھتے ہوئے محکمہ تعلیم کے افسران کو بھی ایسے فیصلے کرنے ہونگے جو امیر اور غریب کے لیے یکساں مفید اور مثبت ثابت ہوں انہوں نے کہا کہ ان کی ذاتی خواہش ہے کہ کوئی بچہ تعلیم سے محروم نہ ہو چاہے وہ جسمانی طور پر معذور کیوں نہ ہو محمد امین اور شیر محمد نے فضل حکیم خان کو یقین دلایا کہ وہ اپنے فرائض منصبی پوری تندہی سے ادا کریں گے اور خیبر پختونخوا کے تعلیمی میدان میں ضلع سوات کو معیاری اور مثالی مقام دلانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔
1,705 total views, 2 views today