سوات(سوات نیوزڈاٹ کام)خیبر پختونخوا کے وزیر زراعت اور لائیو سٹاک محب اللہ خان نے کہا ہے کہ غربت کے خاتمے ، معیشت کے استحکام اور ملک کی خو شحالی میں شعبہ لائیوسٹاک کا بڑا کردار ہے یہی وجہ ہے کہ حکومت لائیوسٹاک کو جدید خطوط پر ترقی دینے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے محکمہ امور حیوانات خیبرپختونخوا کے زیرانتظام صوبے کے 6 اضلاع سوات شانگلہ،بونیر،کوہستان،ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں
(Control of Livestock Diseases of Economic Importance in Khyber Pakhtunkhwa) کے نام سے منصوبے کے باقاعدہ آغاز کے سلسلے میں تحصیل مٹہ شور سوات میں منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تقریب میں محکمہ لائیوسٹاک کے اعلی افسران کے ساتھ ساتھ کثیر تعداد میں مویشی پا ل کسانوں نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر محکمہ امور حیوانات کے افسران نے منصوبے کی افادیت سے کسانوں کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کے تحت صوبے کے 6 اضلاع میں جانوروں کو حفاظتی ٹیکے،کرم کش ادویات اور علاج معالجے کی مفت سہولیات فراہم کی جائیں گی جس سے مویشیوں کی مختلف بیماریوں کی روک تام کے ساتھ ساتھ مویشی پال کسانوں کی معاشی آمدنی میں بھی اضافہ ہوگا۔وزیر زراعت اور لائیو سٹاک محب اللہ خان نے اپنے خطاب میں کسانوں پر زور دیا کہ وہ اس منصوبے سے زیادہ سے زیادہ مستفید ہوں تاکہ وہ اپنے مال مویشیوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ اپنی معاشی حالات میں بہتری لاسکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ دیہی علاقوں کی ترقی اور کسانوں کی معاشی خوشحالی صوبائی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔ اور اس کے لئے دورس اقدامات جاری ہیں۔ تقریب کے اختتام پر کسانوں کو مویشیوں کی بیماریوں کی ادویات بھی مفت فراہم کی گئیں
1,232 total views, no views today



