پشاور،سوات کے پرفضاء اور برفانی علاقے مالم جبہ میں چیئر لفٹ، سکینگ ریزارٹ اور فائیوو تھری سٹار ہوٹلوں کی تعمیر کا ٹاسک سیاحت کی قومی شہرت کی حامل کمپنی سامسنگ کو حوالے کیا گیاہے یہ کمپنی اگلے دو برسوں میں یہاں ساڑھے تین ارب روپے کی سرمایہ کاری کرے گی معاہدے کے تحت محکمہ سیاحت اور ماحولیات نے مالم جبہ ٹاپ کی پانچ ایکڑ اراضی کے علاوہ 270 ایکڑ ملحقہ اراضی بھی کمپنی کو لیز کردی ہے جس پر مذکورہ سہولیات کے علاوہ عالمی معیار کیمطابق ماحول دوست شجرکاری اور پھول و سبزے میں اضافے اوردیگر سیاحتی سہولیات کی دستیابی یقینی بنائی جائے گی کمپنی کو رواں موسم سرما میں برفباری شروع ہونے کے بعد ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو سکینگ اور سکیٹنگ کی اضافی سہولیات کی فراہمی پر بھی کام شروع کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے جبکہ خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے صوبے میں سیاحت کے فروغ کیلئے صوبے میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری یقینی بنانے اور اس سلسلے میں اہداف کی تکمیل پر بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ بالخصوص اسکے روح رواں محسن عزیز کی حسن کارگردگی کو سراہا ہے واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ نے محسن عزیز کو اگلا سیاحتی سیزن شروع ہونے سے پہلے یہاں کے دلکش مقامات کو سیاحوں کیلئے زیادہ پرکشش بنانے میں محکمہ سیاحت کی معاونت کے علاوہ تین اہم منصوبوں کی نجکاری کا اختیار دیا ہے جن میں سوات کی وادی مالم جبہ میں چیئرلفٹ، سکی ریزارٹ اور دو تھری و فائیو سٹار ہوٹلز کی تعمیر کے علاوہ گلیات میں تقریبا دو کلومیٹر لمبی چیئرلفٹ کی تنصیب اور گلیات ہی میں وسیع اراضی پر فائیوسٹار ہوٹل ریزارٹ کی تعمیر شامل ہیں جنکی بدولت سیاحتی سرگرمیوں میں اضافے کے علاوہ روزگار اور دیگر معاشی مواقع بھی بڑھیں گے اس ضمن میں وزیراعلیٰ پرویزخٹک کی زیرصدارت پشاور میں منعقدہ اجلاس میں صوبے کے پرفضاء علاقوں کو سیاحوں کیلئے زیادہ سے زیادہ پرکشش بنانے کے علاوہ سرمایہ کار کمپنی سامسنگ گروپ کو اراضی و اختیارات حوالے کرنے اور اسے درپیش مسائل کے حل کے علاوہ حکومتی سطح پر تمام مطلوبہ سہولیات کی فراہمی سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ضروری فیصلے کئے گئے اجلاس میں صوبائی وزیرتعلیم و توانائی محمد عاطف خان، سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین اور ممتاز صنعتکار محسن عزیز، چیف سیکرٹری امجد علی خان، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری محمد اشفاق خان، سیکرٹری ماحولیات و جنگلات ڈاکٹر حماد اویس آغا، سیکرٹری سیاحت،خیبرپختونخوا ٹوارزم کارپوریشن کے جنرل منیجر محمد سجاد اور دیگر متعلقہ حکام کے علاوہ سامسنگ کے جی ایم سمیع الرحمن نے بھی شرکت کی وزیراعلی نے کہا کہ کمپنی کو مالم جبہ میں ماحول دوست اقدامات اور سکینگ، ہوٹلز اور چیئرلفٹ کی مطلوبہ عالمی معیار پر تعمیر و ترقی کی صورت میں 33سال لیز پر دینے اور سیاحتی شرائط کی تکمیل پر مزید 20سال کی توسیع کے معاہدے کی منظوری دی گئی ہے انہوں نے مالم جبہ تک دس کلومیٹر سڑک کی تعمیرپر کام جلد شروع کرنے کی ہدایت بھی کی انہوں نے کہا کہ مطلوبہ معیار اور تعداد پر سیاحتی سرگرمیاں بڑھنے کی صورت میں وہ مالم جبکہ سمیت اہم سیاحتی مقامات کیلئے ہیلی کاپٹر سروس شروع کرنے کی ہدایت بھی دے چکے ہیں محسن عزیز نے صوبے میں سیاحت کی ترقی میں گہری دلچسپی لینے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے پر وزیراعلیٰ کے جاندار کردار کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ بیرونی سرمایہ کاروں سے پہلے ہمارے مقامی سرمایہ کار ہمارے کام آئیں گے اور کاروبار، سیاحت اور روزگار کے مواقع بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کرینگے کیونکہ اس خطے میں انکے بچے آباد ہیں اور اسی سے انکی تمام تر توقعات وابستہ ہیں وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ سیاحت کی آڑ میں درختوں اور قدرتی حسن کو کسی صورت نقصان نہیں پہنچنا چاہئے اور اگر کوئی درخت کاٹنا پڑ جائے تو ترقیاتی عمل کو آگے بڑھانے سے پہلے حسب قاعدہ پانچ سو ہی نہیں بلکہ ایک ہزار نئے پودے لگانا اور انکی پرورش ضروری ہے انہوں نے امید ظاہر کی کہ بورڈ کے زیراہتمام ترقیافتہ ممالک کی طرز پر تھیم اور ایڈونچر پارکس کے قیام کے ساتھ پورے سوات اورگلیات کو بین الاقوامی معیار کے دلکش سیاحتی مقامات بنا دیا جائے گا انہوں نے ہدایت کی کہ ہر سیاحتی مقام کے ساتھ پارکنگ کی سہولت ہر صورت یقینی بنائی جائے اُنہوں نے سوات و گلیات سمیت تمام سیاحتی علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی قلت دور کرنے کیلئے موثر اقدامات کی ہدایت بھی کی۔
766 total views, no views today


