اسلام آباد(این این ائی ) وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی نے عالمی برادری سے بھارت میں اقلیتوں پر مظالم کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ وزیر خارجہ نے ہندوستان میں امن وامان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یو پی ہندوستان میں علماء کے ساتھ ناروا سلوک پر ہر شخص کی آنکھیں نم ہیں، پولیس پریانکا گاندھی کا گلہ دبانے کی کوشش کرے توعام آدمی کے ساتھ رویہ کیا ہوگا، یہ کیفیت پورے ہندوستان میں پھیلتی جا رہی ہے لیکن مودی سرکارٹس سے مس نہیں ہورہی، اب یہ لڑائی کسی ایک مذہب،خطے اور زبان تک محدود نہیں رہی بلکہ پورے ہندوستان میں پھیل چکی ہے۔ شاہ محمودقریشی نے کہا کہ ہندوستان اس وقت دو نظریات میں مکمل طور پر تقسیم ہو چکا ہے، عالمی برادری کو اس کا نوٹس لینا چاہیے کیونکہ بھارت میں اقلیتیں عدم تحفظ کا شکار ہیں، خدشہ ہے کہ بھارت داخلی انتشار سے توجہ ہٹانے کے لیے کشمیر میں کوئی نیا ناٹک رچا سکتا ہے، ایک طبقے نے کہنا شروع کر دیا کہ ہندوستان کے اندر جوہو رہا ہے اس کے پیچھے پاکستان کا ہاتھ ہے۔
1,052 total views, no views today



