سوات(سوات نیوز ڈآٹ کام ) چوتھا چیف آف دی ائیر اسٹاف قراقرم انٹرنیشنل الپائن اسکی کپ ملم جبہ میں جاری ہے۔ گذشتہ روز کے مقابلوں میں پاکستان، یو کرائن اور آزر بایجان کے کھلاڑیوں نے بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا۔

پاکستانی اسکیئر خوشیم صاحبہ نے خواتین کی جائنٹ سلالم کیٹیگری میں سونے کا تمغہ جیتنے کے بعد تیسرے ملم جبہ انٹرنیشنل الپائن اسکی کپ کی جائنٹ سلالم کیٹیگری میں بھی سونے کا تمغہ اپنے نام کر لیا۔

ملم جبہ کی سحر انگیز اسکی ریزورٹ پر انہوں نے اپنے پہلے دن کا بہترین فارم برقرار رکھتے ہوئے پاکستان کے لئے دوسرا طلائی تمغہ جیت لیا۔ آزربائیجان کی علویرا زاکاراییوا نے چاندی کا تمغہ اور پاکستان کی عمامہ ولی نے کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔

مردوں کی جائنٹ سلالم کیٹیگری میں یوکرائن اسکیئرز مکمل طور پر چھائے رہے۔ نازاریٹے پیٹرک اور آئیوان کراوچک کے مابین ایک سنسنی خیز مقابلہ ہوا، تاہم نازاریٹے پیٹرک  پہلی پوزیشن حاصل کر کے سونے کے تمغے کے حق دار ٹھہرے۔ ان کے ہم وطن ایب ویٹالے نے اسی کیٹیگری میں کانسی کا تمغہ جیتا۔مایہ نازپاکستانی اسکیئرز میر نواز اور محمد عباس نے بھی بہت عمدہ کھیل کا مظاہرہ پیش کیا،تاہم وہ کوئی نمایاں کامیابی حاصل نہ کر سکے۔