کراچی(این این ائی) چوکوں، چھکوں کی برسات کا وقت قریب، شائقین کرکٹ ایکشن کے منتظر ہیں،ہفتے کو شروع ہونے والی پی ایس ایل 6کیلیے ٹیمیں اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دینے میں مصروف ہیں۔ شائقین کی آمد پر کورونا پروٹوکولز پر عمل درآمد یقینی بنانے کیلیے متعلقہ ادارے سرگرم ہیں، جمعرات کو لاہور قلندرز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطانز نے پریکٹس سیشنز کیے، پشاور زلمی کے کھلاڑیوں نے انٹرا اسکواڈ میچ کھیلا، کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ پریکٹس میچ میں مقابل ہوئے،اسکواڈز کی جانب سے بلند عزائم کے اظہار کا سلسلہ بھی جاری ہے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے کہاکہ پلیئنگ الیون میں 6بیٹسمینوں کی شمولیت کو ترجیح دیں گے،میرا بیٹنگ آرڈر حالات کے مطابق ہوگا،وکٹ کیپنگ خود کروں گا۔ اعظم خان متبادل ہوں گے،انجری سے نجات پانے والے پیسر نسیم شاہ بھرپور ردھم میں ہیں۔ کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ ہرشل گبز نے کہا کہ ہمارے پاس انٹرنیشنل کرکٹ کا تجربہ رکھنے والے کھلاڑی موجود ہیں، ورلڈ کلاس بابر اعظم کی صلاحیتوں میں کسی شک کی گنجائش نہیں،وہ اس بار بھی سیزن کے بہترین کھلاڑی قرار پائیں گے،کپتان عماد وسیم، جارح مزاج اوپنر شرجیل خان، کولن انگرام اور چیڈوک والٹن سے بھی امیدیں وابستہ ہیں،ہمیں محمد عامر جیسا اعلیٰ معیار کا فاسٹ بولر بھی میسر ہے۔
914 total views, no views today



