سوات(سوات نیوز)محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا کے زیرانتظام خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ سوات کے باہمی اشتراک سے سوات کی حسین وادی گبین جبہ میں جاری سنو سپورٹس اینڈ کلچرفیسٹیول میں سیاحوں کی کثیر تعداد نے وادی کا رخ کرلیا ۔ فیسٹیول کے دوسرے روز برف باری میں ٹیک بال، سنو جوڈو اور آرچری کے مردوخواتین کے مقابلوں کا انعقاد کیا گیا جبکہ ساتھ ہی فیسٹیول میں آنے والے سیاحوں ان کے بچوں کیلئے پلے لینڈ، میجک شو ، ہینڈی کرافٹ سٹالز، ٹورسٹ انفارمیشن ڈیسک ،خٹک اور ایف سی ڈانس پرفارمنس اور ساتھ ہی نامور گلوکاروں شاہد علی خان، خالد ملک اور دیگر نے پراپنی آواز کا جادو جگایا ۔ فیسٹیول میں آنے والے سیاحوں نے محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے فیسٹیول کے انعقاد اور اقدامات کو سراہا ۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے ایونٹس کے انعقاد سے یہاں نہ صرف سیاحت فروغ پائے گی بلکہ ساتھ ہی مقامی سطح پر روزگار کے مواقع اور یہ علاقہ بھی سیاحت کے لحاظ سے آباد ہوگا ۔ فیسٹول کی اختتامی تقریب آج بروز اتوار 28 فروری کو منعقد ہوگی جبکہ آخری روز سنو سائیکل ریس کا بھی انعقاد کیا جائے گا اور ساتھ ہی موسیقی محفل میں گلوکار ہمایون خان اور معیز خان اپنی پرفارمنس پیش کرینگے ۔ فیسٹیول کے پہلے روز گبین جبہ کے مقام پر سنو میراتھن مقابلوں سمیت ماس کشتی اور رسہ کشی کے مقابلے منعقد کئے گئے ۔ ٹیک بال کے مقابلوں میں مردوں کے سنگل مقابلوں میں جلال الدین نے پہلی اوریاسر عزیز نے دوسرے پوزیشن حاصل کی جبکہ فہد خواجہ نے تیسری اور حماد چترالی چوتھی پوزیشن لے سکے ۔ خواتین کے مقابلوں میں اقراء رحمان فاتح جبکہ منیبہ ولی نے دوسری پوزیشن حاصل کی ۔
1,158 total views, 2 views today