مینگورہ،پاکستان پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا کے صدر خانزادہ خان نے کہا ہے کہ نیا پاکستان بنانے اور تبدیلی لانے والے مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں ، ملک میں حقیقی تبدیلی صرف اور صرف شہید بھٹو نے لائی ہے ، جنہوں نے غریب عوام کو بنیادی حقوق فراہم کردیئے اور انہیں نوابوں اور ڈیروں کے چنگل سے آزاد کرایا ، پی پی پی کے دور حکومت کے بعد ہی حالات زیادہ خراب ہوگئے ، عوام انتخابات میں اپنے فیصلے پر مایوس ہیں اور پی پی پی کی دوبارہ راہ تک رہے ہیں ، سوات میں پی پی پی کے فیصلوں سے بغاوت کرنے والوں کیلئے پارٹی میں کوئی جگہ نہیں ، شمشیر علی ایڈوکیٹ ہی پی پی پی سوات کا نامزد صدر ہے ، آنیوالا دور ایک بار پھر پیپلز پارٹی اور غریب عوام کا ہے ،
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اوڈیگرام میں بونیر خان کی رہائش گاہ پر شمولیت کی ایک بڑی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب سے پیپلز پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری اور سابق صوبائی وزیر انجینئر ہمایون خان ، پیپلز پارٹی ضلع سوات کے صدر شمشیر علی خان ایڈوکیٹ ، جنرل سیکرٹری روح الامین ، انفارمیشن سیکرٹری بخت شیروان خان اور پارٹی میں خاندان اور سیکڑوں ساتھیوں شمولیت اختیار کرنے والے خورشید احمد خان نے خطاب کیا ، اس موقع پر ضلعی صدر سوات کے تمام حلقوں کیلئے نامزد کابینہ کے اراکین کے ناموں کا اعلان کیا ، صوبائی صدر خانزادہ خان نے مزید کہا کہ تبدیلی لانے والوں نے صوبے کے کروڑوں روپے دھرنوں پر ضائع کئے اور عملی کام نہیں کیا ، جبکہ گزشتہ عوامی نیشنل پارٹی کی مخلوط حکومت میں خیبرپختونخوا میں ہونے والے تمام میگا پراجیکٹس میں بڑا کردار پی پی پی کے مرکزی حکومت نے کیا ہے ، پی پی پی کے ہر دور حکومت میں غریب عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبے مکمل ہوئے جس سے تا حال غریب عوام استفادہ حاصل کر رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو نے اسلامی ممالک سے تعلقات قائم کر کے ہزاروں پاکستانیوں کو محنت مزدوری کے باہر ممالک بھجوایا اور انہیں خان وڈیروں کی غلامی سے آزاد کرایا ، شہید بھٹو اور بینظیر بھٹو شہید کی پارٹی ہی ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکال سکتی ہے ، تقریب کے آخر میں تمام رہنما شہید فضل حیات چٹان کی رہائش گاہ قمبر گئے اور وہاں ان کے لواحقین سے فاتحہ خوانی کی ۔
372 total views, no views today


