لاہور(سوات نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ نے مینز سینٹرل کنٹریکٹ برائے 22-2021کا اعلان کردیا۔پی سی بی کے مطابق 20قومی کرکٹرز کو سینٹرل کنٹریکٹ دیا گیا ہے اور کنٹریکٹ میں تین مختلف کیٹیگریز اور ایمرجنگ کرکٹرز کو شامل کیا گیا ہے۔
حسن علی اور رضوان کی ترقی
پی سی بی کا کہنا ہے کہ سینٹرل کنٹریکٹ میں حسن علی اور محمد رضوان کو ترقی دے کر اے کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے جب کہ عمران بٹ، شاہنواز دھانی اور عثمان قادر ایمرجنگ کیٹیگری کا حصہ ہوں گے۔
اے اور بی کیٹیگری
پی سی بی کے مطابق بابر اعظم، حسن علی، محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی کیٹیگری اے میں شامل ہیں جب کہ اظہر علی، فہیم اشرف، فخر زمان، فواد عالم، شاداب خان اور یاسر شاہ کو کیٹیگری بی رکھا گیا ہے۔
سی اور ایمرجنگ کیٹیگری
پی سی بی کے مطابق عابد علی، امام الحق، حارث رف، محمد حسنین، محمد نواز ، نعمان علی اور سابق کپتان سرفراز احمد کیٹیگری سی کا حصہ ہیں۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال ایمرجنگ کیٹیگری میں شامل فاسٹ بولرز حارث رف اور محمد حسنین کو کیٹیگری سی میں ترقی دے گئی ہے،اس کے علاوہ عمران بٹ، شاہنواز دھانی اور عثمان قادر کو ایمرجنگ کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔
سرفراز کی تنزلی
سینٹرل کنٹریکٹ میں سابق کپتان سرفراز احمد کی تنزلی ہوئی ہے اور انہیں بی سے سی کیٹیگری میں ڈالا گیا ہے۔
ماہانہ وظیفے میں 25فیصد اضافہ
پی سی بی کے مطابق تمام کیٹیگری میں شامل کھلاڑیوں کے ماہانہ وظیفے میں 25 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
کنٹریکٹ حاصل نہ کرنیوالے کھلاڑی دوسری جانب محمد حفیظ، اسد شفیق، حیدر علی، حارث سہیل، افتخار احمد، عماد وسیم، محمد عباس، نسیم شاہ، شان مسعود اور عثمان شنواری کو سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل نہیں کیا گیا۔
726 total views, 2 views today