سوات،ضلعی انتظامیہ سوات کا کٹ گاڑیوں کیخلاف سخت اپریشن، بائی پاس سڑک پر واقع تمام گوداموں کو سیل کردیا گیا، ذرائع کے مطابق سوات میں کٹ گاڑیوں کی تیاری کیخلاف ڈپٹی کمشنر سوات محمود اسلم وزیر نے دفعہ 144 نافذ کی تھی، اس کے باوجود کٹ گاڑیوں کی تیاری مسلسل جاری تھی، جس کیخلاف ضلعی انتظامیہ سوات اور پولیس نے مشترکہ طور پر اپریشن شروع کردیا، اپریشن کے دوران مینگورہ ،قمبر بائی پاس سڑک پر موجود تمام گوداموں ، ورکشاپوں اور کھلی جگہوں کو سیل کردیا گیا،
اس موقع پر ڈی ایس پی صدیق اکبر اور ضلعی انتظامیہ کے افیسران بھی موجود تھے، پولیس نے بھاری نفری کی مدد سے تین مختلف گوداموں کو سیل کردیا، تاہم اس موقع پر کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لا ئی جاسکی، اس موقع پر ڈی ایس پی صدیق اکبر نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کٹ گاڑیوں کی تیاری پرپابندی عائد ہے اس کے باوجود یہ لوگ خفیہ طورپر کٹ گاڑیاں تیار کررہے تھے ، جس کیخلاف کارروائی کی گئی، انہوں نے کہا کہ کٹ گاڑیوں کو تیار کرنے والوں کیخلاف مقدمات درج کرکے عدالت میں پیش کرینگے۔
325 total views, no views today


