دنیا میں ہر چیز بکاؤ نہیں ہوتی لیکن کئی بار انسان وقت اور حالات کی ستم ظریفی کا شکار ہو کر اپنی پسندیدہ چیز کو بھی فروخت کرنے پر مجبور ہو جاتا ہے۔ خرید و فروخت کے اس عمل میں کئی بار خریدار ناجایز فایدہ بھی اٹھا تا ہے، انسان کی محنت سے کمائی ہوئی کوئی بھی چیز بے وقعت نہیں بلکہ نہایت قیمتی ہوتی ہے لیکن مجبوری۔۔۔
خرید و فروخت کئی قسم کی ہوتی ہے جس میں مٹی کے ذرے کی خرید و فروخت سے لے کر کئی غدار اپنے ملک تک کو بھی فروخت کر دیتے ہیں۔
گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی بڑے پیمانہ پر یورپی یونین کے ممبر ملک مالٹا نے پھر اشتہار دیا کہ صرف چھ لاکھ پچاس ہزار یورو کے عوض نان یوروپی ممالک کے باشندے مالٹا کی شہریت حاصل کر سکتے ہیں۔ اس بھونڈے انداز میں اشتہار بازی پر یوروپی یونین نے مالٹا پر شدید تنقید کی اور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی اشتہار بازی اور دیگر معاملات کی جانچ پڑتال کے لیے سٹراس برگ میں ایک کمیشن تیار کیا جائے گا جو یہ پتا لگائے گا کہ مالٹا کے اس منصوبہ سے یورپی یونین کے معاہدوں کی خلاف ورزی تو نہیں ہوئی۔ شہریت سے متعلق مالٹا کے نئے قانون کے تحت نان یوروپی باشندے چھ لاکھ پچاس ہزار یورو میں مالٹا جیسے چھوٹے ملک کی شہریت حاصل کر سکتے ہیں۔ مالٹا اس اقدام سے ملکی بجٹ میں اضافہ کرنا چاہتا ہے۔ یوروپی پارلیمنٹ کے اہم ممبران کا کہنا ہے کہ شہریت اسٹورز پر بکنے والی شے نہیں جسے کوئی جب چاہے محض چند یورو کے عوض خرید سکے۔
قارئین کرام! مالٹا یوروپی یونین کا واحد ملک نہیں جو پیسوں کے عوض شہریت فروخت کرتا ہے۔ دیگر یوروپی ممالک میں بھی شہریت فروخت کی جاتی ہے۔ بلغاریہ میں لایسنس یافتہ بنکوں میں پانچ لاکھ یورو جمع کروانے سے رہایشی اجازت نامہ مل جاتا ہے اور ایک ملین یورو کی سرمایہ کاری کرنے پر شہریت حاصل کی جا سکتی ہے۔ ہنگری میں غیر ملکی ڈھائی لاکھ یورو کے سرکاری بانڈز خریدنے کے بعد پانچ سال کے لیے رہایشی اجازت نامہ حاصل کرسکتے ہیں۔ قبرص میں کم سے کم پانچ سال تک تین ملین یورو بینک میں جمع رہیں اور پانچ ملین یورو کی سرمایہ کاری کی جائے یا کسی ایسے بزنس میں انوسٹمنٹ ہو جہاں کم سے کم دس قبرصی باشندے آپ کی فرم یا بزنس میں بر سرِ روزگار ہوں، تو شہریت حاصل کی جا سکتی ہے۔ علاوہ ازیں کم سے کم تین لاکھ یورو یا زاید کی جایداد کا مالک رہایشی اجازت نامہ کا حق دار ہے۔ اس طرح کے دیگر قوانین یونان، پرتگال اور آیر لینڈ میں بھی موجود ہیں۔
فرانس میں ایک ’’غیر معمولی اقتصادی شراکت‘‘ کے عوض رہایشی اجازت نامہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔ فرنچ قانون کے مطابق کم سے کم پچاس ملازمتیں اور زیادہ سے زیادہ دس ملین یورو کی سرمایہ کاری لازمی ہے۔
جب کہ جرمنی میں شہریت برائے فروخت نہیں۔ شہریت حاصل کرنے کے لیے بر سرِ روزگار ہونا، وظیفہ نہ لینا،جرمن زبان پر مکمل عبور اور کم سے کم آٹھ سال تک قانونی رہائش لازمی قرار دی گئی ہے۔
1,172 total views, no views today


