اسلام آباد:(ان لائن) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے حکومت مخالف تحریک کے ملک گیر جلسوں کا شیڈول طے کر لیا ۔ میثاق پاکستان کے ایجنڈے کی تکمیل کے لیے کمیٹی بھی قائم کر دی ۔ پہلا جلسہ 29 اگست کو کراچی میں ہوگا ۔ مسلم لیگ ن کے سینئرنائب صدرشاہد خاقان عباسی کہتے ہیں کہ حکومت کی تین سالہ بد ترین کارکردگی پر وائٹ پیپر جاری کریں گے۔ حکومت طالبان سے متعلق پالیسی کے لیے پارلیمنٹ کو اعتماد میں لے۔ پی ڈی ایم کی اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس احسن اقبال کی زیرصدارت اسلام آباد میں ہوا۔ کمیٹی نے حکومت مخالف تحریک کے آئندہ مراحل اورملک گیر جلسوں پرتفصیلی مشاورت کے بعدشیڈول طے کرلیا، میثاق پاکستان کے ایجنڈے کی تکمیل کے لیے کمیٹی بھی قائم کر دی گئی۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں رہنما ن لیگ شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ سفارشات حتمی منظوری کے لیے اٹھائیس اگست کو پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں پیش کی جائیں گی، انتیس اگست کو کراچی میں پی ڈی ایم کے تحت جلسہ ہوگا۔ شاہد خاقان عباسی نے کہاطالبان کے خیرمقدم کامولانا کا فیصلہ ذاتی اوران کی جماعت کا ہے پی ڈی ایم کا نہیں ہے، ہم سمجھتے ہیں حکومت طالبان سے متعلق پالیسی کے لیے پارلیمنٹ کو اعتماد میں لے۔ لیگی رہنما شاہد خاقان نے حکومت کی یکطرفہ الیکشن اصلاحات کو مسترد کرتے ہوئے کہاکہ یہ الیکشن کی چوری کو مزیدتحفظ دینے کیے لیے معاون ثابت ہوگی ہم اس کو نہیں مانتے۔
672 total views, no views today



