اسلام آباد(ان لائن) ہائیکورٹ نے نیویارک پراپرٹی انکوائری کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری کی عبوری ضمانت میں اکیس ستمبرتک توسیع کردی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل دو رکنی بینچ نے آصف علی زرداری کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ سابق صدرکے وکیل فاروق ایچ نائیک جبکہ نیب پراسیکیوٹر عدالت پیش ہوئے۔ جسٹس اطہرمن اللہ نے نیب پروسیکیوٹر سے پوچھا کہ آپ کے مطابق درخواست گزارتعاون کررہا ہے پھر گرفتاری کیوں ضروری ہے۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ اس وقت آصف زرداری کی گرفتاری کی ضرورت نہیں ہے۔ فاروق ایچ نائیک نے موقف اپنایا کہ سابق صدر کا نام ای سی ایل میں ہے وہ باہر نہیں جاسکتے۔ چیرمین نیب کے پاس اختیار ہے کہ وہ کسی بھی وقت گرفتاری کے احکامات دے سکتے ہیں میرا موکل پاکستان میں ہے اور ان کے باہر جانے کا کوئی ارادہ نہیں۔ جسٹس عامر فاروق نے پراسیکیوٹر نیب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا آپ عدالت میں کہتے ہیں کہ گرفتار نہیں کرتے باہر جاکر گرفتار کرلیتے ہیں۔ آپ وقت لیں اور پھر بتائیں کہ آپ نے کیا کرنا ہے۔ عدالت نے کیس کی سماعت اکیس ستمبر تک ملتوی کردی۔
461 total views, no views today



