سوات(سوات نیوز)ہیلپنگ ہینڈ فار ریلیف اینڈ ڈویلپمنٹ کے زیر اہتمام کالام میں چار روزرہ لیڈرشپ کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں خیبر پختون خواہ کے سات اضلاع سے بتیس نوجوان لیڈرز نے شرکت کی۔ لیڈر شپ بوسٹ اپ کیمپ میں شانگلہ، مدین، کبل، تالاش، ثمرباغ ، نوشہرہ اور چارسدہ سے شرکاء نے حصہ لیا۔ لیڈر شپ کیمپ کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر تحصیل بحرین ہدایت اللہ نے کہا کہ ہیلپنگ ہینڈ سماجی خدمت میں گراں قدر کام کر رہی ہے۔ ہیلپنگ ہینڈ خیبر پختون خواہ سمیت پاکستان بھر میں نو ہزار دو سو یتیم بچوں کی کفالت کر رہی ہے جو کہ قابل تعریف ہے۔ بحثیتِ انسان اور مسلمان یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم معاشرے میں ضرورت مند اور مستحق افراد کے ساتھ تعاون کریں۔ اچھے کام کی حوصلہ افزائی کے لیے انتظامی سطح پر ہر ممکن مدد کریں گے۔ لیڈر شپ کیمپ میں ہیلپنگ ہینڈ کے ایجوکیشن سپورٹ پروگرام کے سربراہ محمد نعیم خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہیلپنگ ہینڈ امریکی مسلمانوں کی فلاحی تنظیم ہے جو پاکستان کے 84 اضلاع میں کام کر رہی ہے۔ اس کا دائرہ کار آزادکشمیر، گلگت سمیت پاکستان کے چاروں صوبوں تک پھیلا ہوا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ایجوکیشن پروگرام کے تحت اس وقت پاکستان بھر میں 868 طلبہ و طالبات کو سکالر شپ بھی فراہم کررہے ہیں۔ اس موقع پر ریجنل مینجر خیبر پحتون خواہ امین اللہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہیلپنگ ہینڈ کے اس چار روزہ لیڈرشپ بوسٹ اپ کیمپ میں شرکاء کو لیڈر شپ، پرسنلٹی ڈویلپمنٹ، کیرئیر کونسلنگ، ٹیم بلڈنگ جیسے موضوعات پر ان شعبوں کے ماہرین نے لیکچر دئیے۔اختتامی سیشن میں اسسٹنٹ کمشنر تحصیل بحرین ہدایت اللہ نے لیڈر شپ کیمپ کے شرکاء میں سرٹیفیکیٹ بھی تقسیم کیے
644 total views, 2 views today