سوات(سوات نیوز)عوامی نیشنل پارٹی سوات کے زیراہتمام ناروا، ظالمانہ مہنگائی کے خلاف نشاط چوک مینگورہ میں احتجاجی کیمپ لگایا گیا کیمپ میں ضلعی و تحصیل کابینوں کے عہدیداروں اور کارکنان سمیت ذیلی تنظیموں اور عام عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ کیمپ میں عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری بریگیڈیئر (ر) ڈاکٹر سلیم خان، مرکزی سیکرٹری اقلیتی امور سابق سینیٹر امرجیت ملہوترا، ضلعی صدر ايوب اشاڑے سابق ایم پی اے شیرشاہ خان، پاکستان پیپلز پارٹی کے ضلعی جنرل سیکرٹری اقبال حسین بالے، پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر خالد محمود خالد نے بھی شرکت کی جبکہ جماعت اسلا می کی وفد نے رحمت علی پاچا اور محمد نعیم کی قیادت میں کیمپ کا دورہ کیا۔ کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے موجودہ حکومت کو ناروا اور تاریخی مہنگائی پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ حکمرانوں نے عوام سے جینے کا حق چھین لیا ہے۔ اج غریب علاج معالجے، بجلی گیس کے بلوں اور ادویات کی قیمتوں میں بے بہا اضافے سے پریشان ہیں جس کی وجہ سے خودکشی کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے۔ ملک میں ہر طرف افراتفری اور بدانتظامی کا عالم ہے۔ ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے احتجاج پر احتجاج کررہے ہیں۔ مقررین نے عمران خان کی جانب سے پختونوں کو طالبان اور دہشت گرد قرار دینے پر سخت غم و غصہ کا اظہار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پختونوں نے دہشت گردی میں جان و مال کی قربانی دی ہیں لیکن اس کے باوجود عمران خان نے ان کی مظلومیت کو پس پشت ڈال کر انہیں دہشت گردکہنا پختون شہداء کی خون سے غداری ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔
646 total views, 4 views today