پشاور:تھانہ خزانہ کی حدود میں شہید ہونے والے پولیس اہلکار امجد خان کی نماز جنازہ ملک سعد شہید پولیس لائن میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی۔
صوبائی وزیر محنت و ثقافت شوکت یوسفزئی، آئی جی پی خیبر پختونخوا معظم جاہ انصاری، کمشنر پشاور ڈویژن ریاض محسود، ایس ایس پی آپریشنز ہارون رشید اور ایس ایس پی انوسٹی گیشن شہزادہ کوکب فاروق سمیت چاروں ڈویژنل ایس پیز اور دیگر اعلی افسران نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔ شرکاءنے شہید کے جسد خاکی پر پھول چڑھائے اور ان کے بلند درجات کے لئے دعا کی۔
آئی جی خیبر پختونخوا معظم جاہ انصاری نے شہید کے ورثاءسے بات چیت کی اور شہید کی محکمہ پولیس کے لئے خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، انہوں نے کہا کہ واقعہ میں ملوث عناصر کو جلد از جلدبے نقاب کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائیگا۔ آئی جی پی نے اس موقع پر موجود اعلیٰ پولیس حکام کو ہدایت کی کہ وہ اس واقعے میں ملوث عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کرکے اُن کی جلد از جلد گرفتاری عمل میں لائیں۔
دریں اثناءمیڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے آئی جی پی معظم جاہ انصاری نے کہا کہ پچھلے دو تین مہینوں سے رونما ہونے والے دہشت گردی کے چند واقعات کی تفتیش اور تحقیق کرکے پولیس کامیابی کے قریب پہنچ چکی ہے۔ ان میں ملوث گروپس کی شناخت ہو چکی ہے۔ اور ان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ آئی جی پی نے اپنے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان واقعات میں ملوث ملک دشمن عناصر کو بہت جلد گرفتار کرکے قانون کے مطابق کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔
792 total views, no views today



