مینگورہ، انجمن پٹواریان وقانون گویان کے صدر عبدالجبار شاہین نے کہاہے کہ اپ گریڈیشن ہمارا جائز حق ہے ،دیگرمحکموں کے ملازمین کو اپ گریڈکیا گیا مگرپٹواری تاحال اس حق سے محروم ہیں جس کے حصول کیلئے ہر فورم پرآوازاٹھارہے ہیں،برادری کو درپیش مسائل کے حل کیلئے تمام تر وسائل اورصلاحیتیں بروئے کارلائی جارہی ہیں ،ان خیالات کااظہار انہوں نے گذشتہ روز انجمن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں تمام عہدیداروں نے شرکت کی،عبدالجبار شاہین نے کہاکہ پچھلے سال ریونیومنسٹر امین اللہ گنڈاپور نے اپ گریڈیشن کے حوالے سے ہماری صوبائی قیادت کوپینتالیس دن کے اندرپراگریس دینے اور نوے دن کے اندرنوٹیفیکیشن جاری کرنے کا وعدہ کیاتھا مگر ایک سال گزرنے کے باوجود بھی اسے عملی جامہ نہیں پہنایا جاسکا،انہوں نے کہاکہ ہمیں ابھی تک پٹوارخانوں کے کرایہ جات کے بارے میں بھی معلوم نہ ہوسکا حکام نے نوٹیفیکیشن جاری کیا ہے مگر اس کے باوجود بھی انتیس سالوں سے پٹوارخانوں کا کرایہ خوداداکررہے ہیں ،انہوں نے کہاکہ تحصیلدار کی جو پوسٹ خالی ہوئی ہیں ان کیلئے اہلکاروں کی ڈی پی سی انتہائی ضروری ہے کیونکہ یہ قانون گویان کا حق بنتاہے ،انہوں نے کہاکہ ایک اہم مسئلہ پٹواریوں کوغیرضروری کاموں میں لگانا ہے جس سے دفتری کام بری طرح متاثر ہورہاہے حالانکہ بعض کام یونین کونسلوں کی ذمہ داری میں شامل ہیں مگر وہ بھی ہمارے کاندھوں پر ڈالا جارہاہے لہٰذہ پٹواریوں سے یہ اضافی ذمہ داری ختم کی جائے،انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پٹواریوں کی اپ گریڈیشن سمیت دیگر تمام تر مسائل کے حل کیلئے اقدامات کئے جائیں،اس موقع پر انجمن پٹواریان وقانون گویان کے سینئر نائب صدرفتح خان نے ذاتی مصروفیات کی وجہ سے عہدے سے استعفیٰ پیش کیا جس کے بعد یہ ذمہ داری رشیدعلی کو سونپی گئی۔
610 total views, no views today


