لاہور: بالی وڈ اسٹارمادھوری ڈکشٹ اورجوہی چاولہ کی ’’ایکسپریس میڈیا گروپ‘‘ کے تعاون سے پاکستانی سنیما گھروں میں نمائش کیلیے پیش کی جانیوالی نئی فلم ’’گلاب گینگ‘‘ کی بے حد مقبولیت کودیکھتے ہوئے سینما منتظمین نے فلم کے شو بڑھانے پرغورشروع کردیا ہے۔
سینما ذرائع سے معلوم ہوا ہے ’’ گلاب گینگ‘‘ کے مقابلے میں امپورٹ قوانین کے تحت نمائش کیلیے پیش کی جانے والی دوسری امپورٹڈ فلموں کو پاکستانی فلم بینوں نے مسترد کردیا، حالانکہ ان کی تشہیر کیلیے بھاری سرمایہ خرچ کیا گیا تھا۔ دوسری جانب فلم بینوں کی کثیر تعداد ’’ گلاب گینگ‘‘ کی ایڈوانس بکنگ کرا رہی ہے کیونکہ شو شروع ہونے سے قبل ہی ہاؤس فل ہو جاتا ہے، جس سے شائقین کو مایوس لوٹنا پڑتا ہے۔ دوسری طرف مارکیٹ میں لگی دوسری فلموں کے شوکا دورانیہ پورے ہونے سے ہی قبل سینما ہال خالی ہونے لگتے ہیں۔
اس صورتحال کو مدنظرر کھتے ہوئے لاہور، کراچی ، اسلام آباد اور دیگرشہروں کے سینما منتظمین ’’گلاب گینگ‘‘ کے شو بڑھانے پر غور کر رہے ہیں۔ اس بارے میں سنجیدہ حلقوں کا کہنا ہے فلم بین صرف اسی فلم کو پسند کرتے ہیں جس کی کہانی جان دار ہو، دل موہ لینے والی موسیقی کے ساتھ ساتھ خوبصورت لوکیشنز اور فنکاروں کی پرفارمنس زبردست ہو،اس طرح کی تمام خوبیاں صرف اورصرف ’’گلاب گینگ‘‘ میں موجود ہیں، مادھوری اورجوہی چاولہ کوپسند کرنیوالے فلم بینوں کی بڑی تعداد انھیں پہلی بار ایک ساتھ دیکھنے کیلیے سینماگھروں کا رخ کر رہی ہے، فلم کے شو میں اضافے سے جہاں سینما منتظمین کو فائدہ ہو گا وہیں شائقین کو بھی اپنی پسند کے شو میں جانے کی سہولت حاصل ہو گی۔
826 total views, no views today


