ابوظہبی: پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف ابوظہبی ٹیسٹ میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 265 رنز بنا لئے۔
ابوظہبی کے شیخ زید انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میں گرین کیپس کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو محمد حفیظ اور شان مسعود نے کھیل کا آغاز ہی کیا تھا کہ 5 کے مجموعی اسکور پر شان مسعود 2 رنز بنانے کے بعد جیمس انڈریسن کی گیند پر بولڈ ہوگئے جس کے بعد شعیب ملک اور محمد حفیظ نے محتاط انداز میں بیٹنگ کی اور انگلش بولرز کی جم کر پٹائی کی۔ دونوں بلے بازوں نے دوسری وکٹ پر 168 رنز کی شراکت قائم کی تو 173 کے مجموعی اسکو پر محمد حفیظ 13 چوکوں کی مدد سے 98 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
کریزپرموجود شعیب ملک کے ساتھ نئے آنے والے بلے بازیونس خان نے اسکورکو نہ صرف آگے بڑھا بلکہ پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز 8 ہزار 832 بنانے کا سنگ میل عبورکرتے ہوئے جاوید میاںداد کا ریکارڈ بھی توڑ دیا، یونس خان 247 کے مجموعے پر38 رنز بنا کرآؤٹ ہوئے۔ کپتان مصباح الحق زیادہ دیر کریز پر نہ کھیل سکے اور3 رنز بنانے کے بعد جیمس انڈریسن کا شکار بن گئے۔انگلینڈ کی جانب سے جیمس انڈریسن نے 2، بین اسٹوک اور اسٹارٹ براڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قومی ٹیم کے لیگ اسپنریاسر شاہ انجری کے باعث ٹیم کا حصہ نہیں جن کی جگہ عمران خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ 11 رکنی ٹیم میں محمد حفیظ، شان مسعود، کپتان مصباح الحق، یونس خان، شعیب ملک، سرفرازاحمد، اسد شفیق، وہاب ریاض، ذوالفقار بابر، راحت علی اور عمران خان شامل ہیں۔ دوسری جانب انگلش ٹیم کی جانب سے السٹر کک کی قیادت میں معین علی، جوائے روٹ، جونی بیروسٹو، این بیل، بین اسٹوک، جوز بٹلر، عادل رشید، اسٹارٹ براڈ، مارک ووڈ اور جیمس اینڈریسن شامل ہیں۔
718 total views, no views today


