مینگورہ، 26 اکتوبر کے ہولناک زلزلے میں ضلع سوات کے شہداء کے ورثاء کو معاوضہ کے چیک دینے کا سلسلہ جمعہ کے روز شروع ہوا ، ابتدائی مرحلے میں 17 شہداء کے ورثاء کو 6,6 لاکھ روپے کے چیک ایک سادہ مگر پروقار تقریب میں حوالہ کئے گئے ۔ تقریب ڈی سی سوات کے دفتر میں منعقد ہوئی جس میں بریگیڈ ئیر ہیثم ، ممبران صوبائی اسمبلی فضل حکیم خان ، عزیز اللہ گران ، نادیہ شیر خان ، ڈی سی سوات محمود اسلم وزیر ، تحصیل ناظم اکرام خان اور اعلیٰ سول وفوجی آفسران نے شرکت کی ۔ اس موقع پر مختصر اظہار خیال کرتے ہوئے بریگیڈئیر ہیثم اور ممبران صوبائی اسمبلی نے کہا کہ اگر چہ دولت قیمتی انسانی جانوں کا متبادل ہر گز نہیں ہوسکتی تاہم یہ حکومت کی جانب سے ورثاء کی اشک شوئی کی ایک کوشش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ زلزلہ متاثرین کی جلداز جلد اور تسلی بخش آباد کاری تک حکومتی کوششیں جاری رہیں گی ۔
516 total views, no views today


