میر پور: بنگلہ دیش میں شروع ہونے والے آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کوالیفائنگ راؤنڈ کے افتتاحی میچ میں بنگلہ دیش نے افغانستان کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔
بنگلہ دیش کے شہر میر پور کے شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں بنگلہ دیش نے افغانستان کی جانب سے دیا گیا 73 رنز کا ہدف 12 اوورز میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کر لیا، بنگلہ دیش کی جانب سے انعام الحق نے 44 رنز جب کہ تمیم اقبال نے 21 اور شکیب الحسن نے 10 رنز بنائے۔ افغانستان کی جانب سے واحد وکٹ سمیع اللہ شنواری نے حاصل کی۔
قبل ازیں افغانستان کی پوری ٹیم 18 ویں اوور میں 72 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی، گلبدین نائب نے سب سے زیادہ 21 رنز بنائے جب کہ شفیق اللہ نے 16 اور کریم صادق نے 10 رنز بنائے تھے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے شکیب الحسن نے 8 رنز دے کر 3، عبدالرزاق نے 20 رنز دے کر 2 جب کہ مشرفی مرتضی اور فرہاد رضا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
1,052 total views, no views today


