مینگورہ، پارلیمانی سیکرٹری برائے انٹی کرپشن و رشوت ستانی ایم پی اے ڈاکٹر حیدر علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت تعلیم کے فروغ اور اساتذہ کے مسائل حل کرنے کیلئے انقلابی اقدامات اٹھا رہی ہے ، شرح خواندگی میں اضافے کیلئے اساتذہ کرام کے جائز مسائل حل کرنا ضروری ہے ، پرائمری اساتذہ کو جائز حقوق کی فراہمی کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کروں گا ، میرٹ کی بالادستی اور تعلیم کے فروغ کیلئے اساتذہ کرام صوبائی حکومت کا ساتھ دیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے مینگورہ میں آل پرائمری ٹیچرز ایسو سی ایشن ضلع سوات کے زیر اہتمام تعلیمی جرگہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، کنونشن سے آل پرائمری ٹیچرز ایسو سی ایشن خیبر پختونخوا کے صدر ملک خالد خان ، اپٹا کے ضلعی صدر سیدسکندر شاہ باچا، جنرل سیکرٹری علی روئیدار خان ، پشار کے صدر عزیزاللہ ، شانگلہ کے صدر رہبر علی ، بونیر کے صدراکبرعلی ، مردان کے صدر فرہاد علی اور دیگر نے بھی خطاب کیا ، مہمان خصوصی نے کہا کہ اساتذہ کی معاشی حالت بہتر نہ ہو تو وہ سکون کے ساتھ بچوں کی تعلیم و تربیت نہیں کرسکتے ، انہوں نے کہا کہ ملک میں یکساں نظام تعلیم رائج ہونے سے ہی تعلیم کو فروغ ملے گا ، انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت محدود وسائل کے باوجود تعلیم کے فروغ کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے ، انہوں نے کہا کہ سپاس نامے میں تمام مطالبات جائز اور اہم ہیں انشاء اللہ مطالبات کی منظوری کیلئے اپنا بھر پور کوشش کروں گا، انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ ایمانداری اور فرض شناسی سے مستقبل کے معماران قوم کی تعلیم و تربیت کے ذریعے ان کی کردار سازی کریں تاکہ تعلیم کے فروغ کے ذریعے ہمارا صوبہ اور ملک ترقی کی راہ گامزن ہوسکے ، کنونشن میں چھٹی کے دن کے باوجود ہزاروں اساتذہ نے شرکت کی ۔
577 total views, no views today


