مینگورہ، مشترکہ ویلج کونسلرزاتحاد نے حکومت سے اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کرنے اورضلعی ناظم سے روش میں تبدیلی لانے کا مطالبہ کردیا،اس حوالے سے اتحاد کے صدر شعیب خان،جنرل سیکرٹری حاجی شاہ بخت روا ن ہمدرداوردیگر عہدیداروں نے کہاہے کہ بلدیاتی الیکشن سے قبل حکومت نے اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کرنے کا نعرہ لگایا جس کے پیش نظر ہم نے الیکشن میں حصہ لیا مگر منتخب ہونے کے بعد آج تک نہ ہمیں اختیارات ملے اور نہ ہی ہماری حیثیت کو تسلیم کیاجاتا ہے،انہوں نے کہاکہ حقیقت یہ ہے کہ بلدیاتی سسٹم میں کونسلرکو ریڑ ھ کی ہڈی جیسی حیثیت حاصل ہے مگر اس کے باوجود بھی ہمیں تسلیم نہیں کیا جارہادوسری جانب عوام کی ہم سے متعددتوقعات وابستہ ہیں مگر جب ہمارے پاس اختیار نہیں تو ہم کیسے عوام کی نمائندگی کا حق ادا کریں گے،انہوں نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں کہ ترقیاتی فنڈ ہماری نگرانی اور مشاورت سے خرچ کیاجائے تا کہ قوم کا پیسہ ضائع ہونے سے بچ سکے جبکہ ساتھ ساتھ ہمیں حکومت وہ مراعات اور اعزازیہ بھی دے جوہمارا جائز حق بنتاہے ،انہوں نے کہاکہ صوبائی اورضلعی حکومت کیساتھ ہرقسم تعاؤن کرنے کو تیار ہیں مگر انہیں ہماری حیثیت کو تسلیم کرنا ہوگا ،انہوں نے کہاکہ چنددن قبل ضلعی ناظم نے ناظمین اورنائبین کا اجلاس بھلایا جس میں کسی بھی کونسلر مدعو نہیں کیا گیا جو ایک قابل افسوس اورقابل مذمت امرہے اورا گرموصوف نے کونسلروں کو آئندہ نظر اندازکیا تو ان کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کریں گے اوران کے مستعفی ہونے تک احتجاج جاری رکھیں گے ،انہوں نے کہاکہ جائز حقوق کے حصول کیلئے تحصیل بابوزئی کی سطح پر کونسلزراتحادبنایا جس کے بعد سوات کی تمام تحصیلوں میں کونسلروں کو اعتماد میں لے کر انہیں اپنے ساتھ شامل کرلیا ہے اس وقت ضلع بھر میں تحصیلوں کی سطح پر ہماری مضبوط تنظیمیں موجود ہیں ،انہوں نے کہاکہ جب بلدیاتی سسٹم قائم ہو جائے تو اس کے بعد ڈیڈک چیئرمین ختم ہوجاتا ہے مگر یہاں پر اب بھی ڈیڈک چیئرمین شپ قائم ہے جو سمجھ سے بالاتر ہے،انہوں نے کہاکہ حکومت اپنے وعدے کے مطابق کونسلروں کو اختیارات اورمراعات دے کر ان کی بے چینی ختم کرے تاکہ وہ اپنے اپنے علاقو ں میں عوام کی خدمت کرسکیں،اس موقع پر اتحاد کے نائب صدر اکرام اللہ خان،فنانس سیکرٹری عبدالرحمان،ترجمان محمد رحمان اوردیگر عہدیداربھی موجود تھے۔
626 total views, no views today


