کابل: افغان شہر جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانے کے قریب خود کش حملے میں 4 پولیس اہلکاروں سمیت 6 افراد ہلاک ہو گئے۔ افغان حکام کا کہنا ہے کہ خود کش بمبار نے پاکستانی، بھارتی اور ایرانی قونصل خانے کے قریب کھڑی پولیس کی گاڑی سے خود کو ٹکرایا جس سے گاڑی میں موجود 4 اہلکاروں اور 2 راہگیر ہلاک ہو گئے۔ افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نجیب دانش نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھماکے سے قبل فائرنگ بھی ہوئی تھی، جیسے ہی پولیس اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے تو دھماکا ہوگیا۔
دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں افغان شہر جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانے پر حملے کی تردید کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ دھماکے میں تمام پاکستانی محفوظ ہیں، اس حوالے سے بھارتی میڈیا کی جانب سے پھیلائی جانے والی قیاس آرائیاں درست نہیں ہیں۔
واضح رہے کہ جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانے کے قریب ہی بھارت اور ایران کے قونصل خانے کی عمارتیں بھی واقع ہیں اور رواں ماہ اب تک افغانستان کے مختلف شہروں میں 2 بھارتی قونصل خانوں کو نشانہ بنایا جاچکا ہے۔
318 total views, no views today


