سوات ، پاک فوج مالا کنڈ ڈویژن میں امن و امان کے ساتھ ساتھ فلاحی سرگرمیوں میں بھی سے سرگرم عمل ہے۔ انہی فلاحی سرگرمیوں کے ضمن میں آرمی میڈیکل کور کے میجر جنرل (ر) عبدالمالک کی زیر قیاد ت میں تھلیسمایہ کے سپیشلسٹ ڈاکٹرز اورماہرین نے سیدو شریف ہسپتال کا دورہ کیا، وہاں کی میڈیکل تنصیبات کا معائنہ لیا، ا ن کے درپیش مسائل کا جائزہ لیا اور ہر قسم کی ممکن امداد کی یقین دہانی دلائی۔ جنرل آفیسر کمانڈنگ مالاکنڈ آرمی ڈویژن میجر جنرل آصف غفور کے خصوصی احکامات کے مطابق پاک فوج کے زیر انتظام تھلیسمایہ کی سپیشلسٹ تنظیم نے سیدو شریف ہسپتال کا دورہ کیا۔ تھلیسمایہ کے سپیشلسٹ ماہرین ڈاکٹرزکی ٹیم کی قیادت آرمی میڈیکل کور کے میجر جنرل (ر) عبدالمالک کر رہے تھے۔یہ ٹیم کراچی سے سپیشل منگوائی گئی تھی ۔مالاکنڈ آرمی ڈویژن کی میڈیکل بٹالین کے کمانڈنٹ لیفٹیننٹ کرنل محمد عارف اور دیگر ڈاکٹر بھی اس دورے میں شریک تھے۔ یاد رہے مالاکنڈڈویژن میں روزانہ200-300 تھلیسمایہ کے مریضوں کی تشخیص کی جاتی ہے جبکہ موجود عملہ اور تنصیبات سے تقریباََ روزانہ 60-80 مریضوں کا علاج کرنے کی صلاحیت موجود ہے، اس ضمن میں سیدوشریف ہسپتال میں جدید میڈیکل مشینری اور سپیشلسٹ ڈاکٹروں کی ٹریننگ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ سیدوشریف ہسپتال کے ڈاکٹرز کے ساتھ میٹنگ کے دوران ابتدائی مرحلے میں جدید میڈیکل مشینری کی تنصیب اور ڈاکٹروں کی ٹریننگ طے پائی ہے۔ اس کے بعد اگلے مرحلوں میں مزید جدید مشینری اور مزید ڈاکٹروں کو ٹریننگ دی جائے گی۔پاک فوج کی یہ کاوش مالا کنڈڈویژن کی عوام کی خدمات کا تسلسل ہے۔ سیدو ہسپتال کے ڈاکٹرز اور عملے نے ٹیم کے دورے سے بھرپور استفادہ حاصل کیا اور اس دورے کے انعقاد پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا اور ایسی سرگرمیوں کو عوام کی فلاح کے لئے انتہائی فائدہ مند قرار دیا۔
720 total views, no views today


