سوات ، تحصیل کبل کے علاقہ برہ بانڈئی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے امن کمیٹی کے ممبر محمد خان پولیس اہلکار بخت بیدار سمیت قتل کردیا گیا، فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار بلا ل بھی زخمی ہوئے ، قتل ہونے والوں کی لاشیں اور زخمی پولیس اہلکار کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ واقعے کے بعد پولیس اور سکیورٹی فورسز کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
علاقے میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے اور سرچ آپریشن جاری ہے۔مرکزی شاہراہ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے، خیال رہے کہ سوات سے طالبان کے بے دخلی اور امن کے قیام کے بعد وقتاً فوقتاً مختلف علاقوں میں طالبان مخالف امن کمیٹیوں کے ممبران اور پولیس اہلکاروں کو ہدف بنا کر ہلاک کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔کچھ ہفتے قبل سوات کے علاقے مینگورہ میں ڈی ایس پی شانگلہ محمد الیاس کو نامعلوم افراد نے گولیاں مار کر ہلاک کیا تھا جس کے بعد عوامی نیشنل پارٹی کے عہدیداروں اور کارکنان نے ٹارگٹ کلنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ بھی کیا تھا۔ ایک اندازے کے مطابق خیبر پختونخوا میں امن کمیٹیوں اور قومی لشکروں کے رضاکاروں پر ہونے والے حملوں میں اب تک 600 کے قریب لوگ ہلاک ہوئے ہیں۔
298 total views, no views today


