مینگورہ، ویلج کونسل گلی گرام سیرئی کے جنرل کونسلر میاں احمد زیب نے کہاہے کہ محکمہ فارسٹ کے بعض ذمہ دارحکام انتہائی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے عوام کیلئے مشکلات پیداکررہے ہیں جس کے سبب ضرورت مندافرادمہینوں مہینوں دفاتر کا چکر لگانے پر مجبورہیں ،انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہاکہ یونین کونسل قمبر کی ویلج کونسل گلی گرام سیرئی میں مکان تعمیرکیا جس کے فرنیچرکیلئے لکڑی کی ضرورت تھی چونکہ عام مارکیٹ کی ریٹ سے سرکاری ریٹ کافی کم ہے لہٰذہ ہم نے محکمہ فارسٹ سے لکڑی حاصل کرنے کیلئے تمام تر قانونی اورکاغذی کارروائی مکمل کی اس دوران مختلف دفاتر اور علاقوں کے چکر بھی لگاتا رہا تاہم سب کچھ مکمل ہونے کے بعد موجود ہ ڈی ایف او شاہ حسین کے آفس گیا جہاں پر ہمیں ایک ہفتہ بعدآنے کو کہاگیا ،انہوں نے کہاکہ اسی طرح تاریخ پہ تاریخ ملتی رہی ،چونکہ میراکام اورمطالبہ جائز تھا اس لئے اس دوران ایم پی اے ،ضلعی ناظم اوردیگر شخصیات اورحکام نے ڈی ایف او سے میری سفارش بھی کی مگر وہ بدستور ٹرخاؤ پالیسی پر عمل پیرا رہا ،انہوں نے کہاکہ لکڑی حاصل کرنے کیلئے اس دوڑ دھوپ میں چارماہ گزرگئے جب آخری مرتبہ ڈی ایف او آفس گیا تو موصوف نے بجٹ ختم ہونے کا اعلان کرکے چندہفتے بعدآنے کا حکم دیا اس تمام کارروائی کے دوران جب بھی ہم ڈی ایف اوکے آفس جاتے تو ملاقات کیلئے کئی کئی گھنٹے تک انتظار کراتا رہا،انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ جب حکام ایک منتخب جنرل کونسلر کے ساتھ ایساسلوک کررہے ہیں تو عام آدی کیساتھ ان کا رویہ کیساہوگا؟انہوں نے تحریک انصاف کی صوبائی حکومت،صوبائی وزیر جنگلات،کمشنرملاکنڈڈویژن ،ممبران قومی وصوبائی اسمبلی اوردیگراعلیٰ وذمہ دارحکام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سلسلے میں تحقیقات کرکے ہمیں انصاف دلائیں اور عوام کیلئے مشکلات پیداکرنے والے آفیسرزکیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائیں۔
582 total views, no views today


