بلدیہ منگورہ کی حدود ایوب برج پار کرکے ختم ہو جاتی ہیں، جہاں سے دریائے سوات کے پار کانجو کی حدود شروع ہو جاتی ہیں۔ کانجو چوک میں دائیں طرف سڑک ائیرپورٹ، ننگولئی، مٹہ، باغ ڈھیرئی اور لالکو تک چلی گئی ہے، جو سوات کے نہایت خوب صورت اور دل کش مقامات ہیں۔ باغ ڈھیرئ میں دریائے سوات کے اوپر ایک خوب صورت پل بنا ہواہے، جس کو پار کرکے مدین، بحرین، کالام تک پہنچا جا سکتا ہے۔ کانجو چوک کے بائیں جانب جانے والی سڑک پر ہوتے ہوئے سب سے پہلے آپ دل کش قدرتی مناظر سے لبریز کانجو ٹاؤن شپ پہنچیں گے، جو پہاڑوں سے گھرا ہوا میلوں پر محیط خوب صورت ہم وار قطعۂ ارضی ہے۔ جہاں ایک عظیم الشان رہائشی منصوبہ زیر تعمیرہے۔
کانجو ٹاؤن شپ سے کچھ فاصلہ پر ایک تاریخی مقام علی گرامہ واقع ہے۔ جہاں چودہ سو قبل مسیح کے قدیم آثار دریافت ہوئے ہیں۔ ان قدیم آثار سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ ایک قدیم بستی تھی، جس میں بعض مقامات پر پہاڑوں کو کاٹ کر رہائش گاہیں تعمیر کی گئی تھیں۔ یہاں سے برآمد شدہ مٹی کے نفیس برتن اور دیگر اشیاء سوات کے دیگر آثار قدیمہ سے برآمد ہونے والے برتنوں اور اشیاء سے قدرے عمدہ اور ترقی یافتہ ہیں۔ یہاں کے آثار بدھ مت سے تعلق نہیں رکھتے بلکہ ان آثار کا تعلق بدھ دور سے قبل کے زمانے سے معلوم ہوتا ہے۔
کبل، علی گرامہ سے تقریباً چار کلومیٹر اور منگورہ سے بارہ کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ یہ ایک صاف ستھرا قصبہ ہے جس کا کچھ حصہ دریائے سوات کے کنارے آباد ہے۔ کبل کا مقام گالف (Golf) کے خوب صورت اور دل کش گراؤنڈ کی وجہ سے پورے ملک میں بہت مشہور ہے۔ اس گالف گراؤنڈ میں کھیلنے کے لیے ماضی کے کئی حکم ران باقاعدگی سے آتے تھے۔ گالف کا یہ میدان اٹھارہ سوراخوں پر مشتمل ہے۔ یہاں ایک خوب صورت ریسٹ ہاؤس اور وسیع باغ بھی ہے، جو ہر قسم کے پھلوں اور پھولوں سے لدا پھندا ہے۔
کبل چوک میں ایک راستہ مغرب کی طرف بری کوٹ اور چک درہ کی طرف بھی چلا گیا ہے، جب کہ کبل کے قریب ’’توتانو بانڈئ ‘‘نامی مقام سے ایک سڑک خوب صورت اور حسین مناظر سے گھرے ہوئے مقامات سے گزرتے ہوئے ضلع دیر تک چلی گئی ہے۔
کبل کے بعد اگلا اہم گاؤں شاہ ڈھیرئی ہے۔ جہاں مشہور چائنا کلے کے ذخائر اور کارخانہ واقع ہے۔ شاہ ڈھیرئی سے سوات کے دو اور حسین و جمیل مقامات ٹال اور دردیال تک بھی جایا جا سکتا ہے، جوحسین قدرتی مناظر سے مملو ہیں، لیکن یہاں سیاحتی سہولتیں موجود نہیں ہیں، جس کی وجہ سے ان علاقوں تک سیاح بہت کم جاتے ہیں۔
1,348 total views, no views today


