مینگورہ(رپورٹ /ناصرعالم)مویشیوں میں امراض پھیلنے کی اطلاع پرمحکمہ لائیوسٹاک نے جانوروں کو ویکسین لگانے کی مہم شروع کردی،کالام میں سینکڑوں مویشیوں کو ویکسین لگائی گئی، مویشیوں میں وبائی امراض کی موجودگی کی اطلاع لائیوسٹاک کو دی جائے،فوری کارروائی کی جائے گی،امراض کی روک تھام اور بروقت علاج کیلئے مویشی پال افرادمیں شعور بھی اجاگر کیاجارہاہے،ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر سربلندخان اور ڈاکٹر سردارعلی نے ویٹرنری ہسپتال سیدوشریف میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہاکہ کالام میں مویشیوں میں ایف ایم ڈی مرض جس میں جانوروں کے پاؤں اور منہ میں چھالے پڑ جاتے ہیں پھیلنے کی اطلاع پر ہم نے فوری طورپر تمام تر ضروری وسائل سے لیس ٹیم وہاں روانہ کردی جہاں پر سینکڑوں مویشیوں کو ویکسین لگائی گئی جبکہ مرض کے مکمل خاتمے تک ہماری ٹیم وہاں موجود رہے گی،انہوں نے کہاکہ مویشیوں سے نمونے بھی حاصل کرلئے گئے ہیں جو اسلام آباد یا پشاور ورانہ کئے جائیں گے،انہوں نے کہاکہ مٹلتان ایریا میں سینکڑوں جانوروں کو ویکسین لگائی گئی مزید جانوروں کوویکسین لگانے کاسلسلہ جاری ہے، گورنمنٹ کی طرف سے مویشیوں کو وقتا فوقتا مختلف بیماریوں سے بچاؤ کیلئے ویکسین لگائی جارہی ہے جبکہ محکمہ لائیوسٹاک مویشی پال افراد کو نہ صرف جانوروں کو امراض سے محفوظ رکھنے اوربروقت علاج معالجہ کرانے کیلئے ادویات فراہم کررہاہے بلکہ اس حوالے سے ان میں شعور بھی اجاگر کررہاہے،اس سلسلے میں عوام اورخصوصاََسماجی حلقوں کی بھی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنے طورپر آگاہی مہمات کا اہتمام کریں جس میں مویشیوں کے امراض اور ان کی روک تھام کے حوالے سے لوگو ں میں شعوراجاگرکیا جاسکے اس ضمن میں ہماری خدمات ان کے ساتھ ہوں گی، انہوں نے کہاکہ محکمہ لائیوسٹاک مویشیوں کے علاج معالجہ اور انہیں ادویات کی فراہمی کیلئے ہرممکن اقدام اٹھا رہاہے جبکہ سیدو شریف میں موجود ویٹر نری ہسپتال میں بیمار مویشیوں کا باقاعدہ معائنہ اور علاج معالجہ بھی کیا جاتا ہے،انہوں نے کہاکہ جہاں کہیں جانوروں میں امراض کی موجودگی یاوبائی امراض پھیلنے کی اطلاع ہو تو ہمیں براہ راست آگاہ کیا جائے یہاں سے ماہراورتجربہ کارافراد پر مشتمل ٹیم روانہ کی جائے گی۔
784 total views, no views today



