پشاور(سوات نیوز )خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو) پشاور کو اعلیٰ تعلیمی شعبے میں اعلیٰ معیار کے حصول پرمحکمہ ہائر ایجوکیشن خیبر پختونخوا کی جانب سے خصوصی ایوارڈسے نوازا گیاہے۔کے ایم یو کویہ ایوارڈایگریکلچر یونیورسٹی پشاور میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں دیاگیا جسکے مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اعلیٰ تعلیم و اطلاعات کامران بنگش تھے جب کہ اس موقع پرسیکرٹری ایچ ای ڈی داؤد خان، ریکٹر نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن ایچ ای سی ڈاکٹر شاہین سردار علی اور مشیر کوالٹی ایشورینس ایچ ای ڈی خیبر پختونخوا پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمان بھی موجود تھے۔ مذکورہ تقریب میں پبلک سیکٹر کی سات یونیورسٹیوں کوبہترین تعلیمی کارکردگی کی بنیاد پرخصوصی ایوارڈزسے نوازا گیا۔واضح رہے کہ کے ایم یو کو یہ ایوارڈ یونیورسٹی اور اس کے ملحقہ تعلیمی اداروں میں ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد اور محکمہ ہائر ایجوکیشن خیبر پختونخوا کے اعلیٰ تعلیمی معیارات کے حصول پر دیا گیا ہے۔کے ایم یو کی جانب سے یہ ایوارڈ یونیورسٹی کی کوالٹی انہانسمنٹ سیل کی ڈائریکٹر سیدہ آسیہ بخاری نے وائس چانسلر کے ایم یو کے نمائندے کے طور پر حاصل کیا۔ تقریب میں سیدہ آسیہ بخاری کومحکمہ ہائر ایجوکیشن کے کوالٹی ایشورنس کی کور کمیٹی کی فعال ممبر کی حیثیت سے اورصوبے کی جامعات میں کوالٹی ایشورینس کا کلچر متعارف کرانے میں کلیدی کردار پر خصوصی اعزاز سے نوازا گیا جب کہ اس موقع پر کے ایم یو کوالٹی انہانسمنٹ سیل کے ڈپٹی ڈائریکٹر ساحر عتیق کو بھی ان کی بہترین خدمات پر ایوارڈ سے نواز گیا۔اختتامی کلمات میں تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اعلیٰ تعلیم واطلاعات کامران بنگش نے وزیراعلیٰ کے وژن پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ کے پی کے طلباء کو ”ہیلتھ کارڈ” کی طرح عنقریب ”تعلیمی کارڈ” دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے طلباء وطالبات کو اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں بہترین سہولیات کی فراہمی کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ صوبے کی جامعات اورڈگری کالجز میں معیار کی درجہ بندی کے نظام کو لاگوکیا جائے گاجس کی بنیاد پر بہترین کارکردگی پر متعلقہ اداروں کو خصوصی ایوارڈز سے نوازا جائے گا جب کہ خراب کارکردگی کے حامل اداروں کو ان کی کارکردگی بہتر بنانے کی ترغیب دی جائے گی۔اس موقع پر سیکرٹری ہائر ایجوکیشن داؤد خان نے الحاق شدہ کالجوں کے انتظام اور معیار کی بہتری کی کاوشوں اور اس ضمن میں متعلقہ اداروں کے سربراہان کے کردار کو سراہااور معیار کی مذیدبہتری کی کوششوں میں ہرممکن تعاون اور سرپرستی کی یقین دہانی کرائی۔
736 total views, 2 views today