اسلام آباد: (ان لائن)وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر اپوزیشن کے ترجمان بنے ہوئے ہیں۔الیکشن کمیشن کے دیگرارکان کواتنےمسائل نہیں جتنےچیف الیکشن کمشنرکو ہیں ۔ اگر چیف الیکشن کمشنر کو سیاست کرنی ہےتوعہدہ چھوڑیں اورالیکشن لڑیں۔ فواد چوہدری نے بابر اعوان اور اعظم سواتی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کی عجیب منطق ہے کہ پارلیمنٹ ان کی رہنمائی نہیں کرسکتی کہ الیکشن کیسے کرانا ہے۔ درحقیقت سارا الیکشن کمیشن نہیں صرف چیف الیکشن کمشنر اپوزیشن کے ترجمان بنے ہوئے ہیں۔ وہ نواز شریف سے قریبی رابطے میں رہے ہیں۔ فواد چوہدری نے کہا کہ الیکشن کمیشن تنازعات کی زد میں رہتا ہے۔ الیکشن کمیشن اس وقت اپوزیشن کا ہیڈ کوارٹرز بن گیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے سیاست کرنی ہے تو استعفے دے کر الیکشن لڑلیں۔ ہمیں چیف الیکشن کمشنر پر اعتماد نہیں۔ وہ اپنے رویے پر نظرثانی کریں۔ چھوٹی چھوٹی جماعتوں کے آلہ کار نہ بنیں بلکہ ادارے کا سربراہ بنیں۔ الیکشن کمیشن نے ای وی ایم پر سیاست کی اور احمقانہ اعتراضات لگائے۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہم نے الیکشن کے طریقہ کار کا جائزہ لیا ہے۔ انتخابی اصلاحات کا مسودہ پارلیمان میں لے کر گئے ۔ اپوزیشن کو بھی مذاکرات کی دعوت دی۔الیکٹرانک ووٹنگ مشین شفاف الیکشن کرانے کا بہترین طریقہ ہے۔ اپوزیشن جہاں بھی الیکشن ہارتی ہے توکہتی ہے دھاندلی ہوئی۔ ن لیگ کے رہنما الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال سے متعلق قانونی ترمیم متنازع بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔
482 total views, no views today



